دمشق 27 ستمبر ( ایجنسیز) امریکی فضائیہ نے عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 140 جنگجو اور 13شہری ہلاک جب کہ 4 ٹینک اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے بتایا کہ تازہ کارروائی شام اور عراق میں جہادیوں کے ٹھکانوں پر کی گئی، امریکا کی وزارت دفاع نے شام میں داعش کے زیرِ قبضہ مشرقی علاقوں میں قائم آئل ریفائنریز پر فضائی حملوں کی
تصاویر جاری کردیں، اتحادی فوج کی بمباری کے بعد داعش نے شام کے علاقے دیر الزور میں تیل نکالنے کا کام بند کردیا۔
پینٹاگون نے کہا کہ داعش کے خلاف امریکی سربراہی میں قائم بین الاقوامی اتحاد کی فتح کا دعویٰ فی الحال نہیں کیا جا سکتا، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ملکی پارلیمنٹ پر زوردیا ہے کہ عراق میں تباہی پھیلانے والے اسلامک اسٹیٹ کے شدت پسندوں کیخلاف فضائی حملوں کی منظوری دیدی جائے، انھوں نے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں برسوں جاری رہ سکتی ہے۔